میاں اسلم اقبال

ریٹائرڈ ملازمین کی فلاح کیلئے اقدامات حکومت کی ذمہ داری ہے، میاں اسلم اقبال

لاہور(لاہورنامہ)صوبائی وزیرہائوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہائوسنگ فائونڈیشن کے زیر اہتمام ریٹائر منٹ پر سرکاری ملازمین کو گھر یا پلاٹ کی فراہمی کی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔

ریٹا ئرڈ سرکاری ملازمین کی ہائوسنگ کالونی کے قیام کے لئے جڑانوالہ کے چک نمبر33گ ب میں 3076کنال اراضی کی فائونڈیشن کو منتقلی اوردیگر امور پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہائوسنگ فائونڈیشن کے بزنس ماڈل کو ری ڈیزائن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ریٹائرمنٹ پر پلاٹ حاصل کرنے والے سرکاری ملازم کو گھر کی تعمیر کے لئے بینک سے قرض کی سہولت دینے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائر ڈ سرکاری ملازمین کو پرائیویٹ اور پھاٹا کی ہائوسنگ سکیموں میں پلاٹوں کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا جائے اس حوالے سے ڈویلپمنٹ اتھاڑٹیز ، لوکل گورنمنٹ اور ہائوسنگ ڈیپارٹمنٹ مل بیٹھ کر لائحہ عمل مرتب کریں۔

صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ریٹائرمنٹ پر سرکاری ملازمین کو ملنے والے پلاٹوں کی خریدو فروخت کی روک تھام کا بھی جائزہ لیا جائے اورریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو رہائشی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ایکٹ میں ترمیم کی ضرورت ہے تو کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو گھر یا پلاٹ کی فراہمی کی سکیموں کے بارے میں حتمی سفارشات مرتب کرکے صوبائی کابینہ کو منظوری کے لئے بھجوائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اپنی عمر کا بڑا حصہ عوامی خدمت میں صرف کرنے والے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات حکومت کی ذمہ داری ہے۔ایم ڈی پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہائوسنگ فائونڈیشن نے سکیموں پر عملدرآمد کے بارے میں آگاہ کیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہریار سلطان ،سیکرٹری ہائوسنگ شکیل احمد ، سی ای او اربن یونٹ اور فائونڈیشن کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔