چودھری پرویزالٰہی

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے سپیکر سبطین خان کی ملاقات

لاہور (لاہورنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی اور پنجاب اسمبلی میں قانون سازی اوردیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی پراظہار تشویش کیا اورکہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رحجان کو روکنے کیلئے سخت قانون سازی کی جائیگی۔پنجاب کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹنس ایکٹ2022کے مسودے کو جلد حتمی شکل دے کر قانون کا درجہ دیا جائے گااوراس ایکٹ کو پنجاب اسمبلی سے جلد از جلد منظورکرایا جائے گا۔

چودھری پرویز الٰہی نے واضح کیا کہ نئی نسل کو منشیات کے عفریت سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ورلڈ بینک سمیت غیر ملکی سفیروں نے نارکوٹکس کنٹرول کی کاوشوں کو سراہا اورتعاون کی پیش کش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں منشیات کے سدباب کیلئے خود مختار ادارہ قائم کیا جائے گا۔

صوبے میں اینٹی نارکوٹکس کورٹس قائم کی جائیں گی اوراضلاع میں اینٹی نارکوٹکس پولیس سٹیشن بھی بنائے جائیں گے۔ منشیات کے استعمال اور خرید و فروخت پر متعلقہ تعلیمی ادارے کے مالکان اورملازمین بھی ذمہ دار ہونگے۔منشیات فروشی اوراستعمال کے عمل میں اعانت کرنے والوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے پنجاب کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹنس ایکٹ2022کے لئے بھرپورتعاون اور کاوشوں کی یقین دہانی کرائی۔