لاہور(لاہورنامہ) پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج سپیکر محمد سبطین خان کی زیرِ صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں سپیکر نے تین نومنتخب اراکین اسمبلی سے حلف لیا اور انہیں مبارکباد دی ۔
حلف اٹھانے والوں میں اراکین اسمبلی چوہدری افتخار احمد بھنگو، محمد فیصل خان نیازی اور ملک محمد مظفر خان شامل تھے۔ آج کے وقفہ سوالات میںمحکمہ ہائر ایجوکیشن سے متعلق سوالات پوچھے گئے جن کے جوابات صوبائی وزیر یاسر ہمایوں نے دیے۔
بعد ازاں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی علی افضل ساہی نے ایوان میں سینئر اینکرپرسن ارشد شریف کی شہادت پر مذمتی قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ سینئر اینکر ارشد شریف حساس ڈاکو مینٹری تیار کررہے تھے جس سے بہت سے لوگ کوبے نقاب ہونا تھا۔ ارشد ملک کو ٹارگٹ کلنگ کرکے شہید کیا گیا جس پر افسوس کااظہار کرتے ہیں۔
ارشد شریف کا قتل اظہار آزادی رائے پر حملہ ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت ارشد شریف کے قتل پر جوڈیشل انکوائری کروائے۔ قرارداد میں ارشد شریف کے قتل پر اظہار افسوس اور دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ ایوان نے یہ مذمتی قرارداد متفقہ طورپر منظور کر لی۔
صوبائی وزیر برائے پارلیمانی امور محمد بشارت راجہ نے ایوان میں ”خواتین کا تشدد سے تحفظ پنجاب 2022کا ترمیمی بل ” پیش کیاجسے ایوان نے متفقہ طورپر منظور کر لیا۔پنجاب اسمبلی میں ضلعی حکومت ننکانہ صاحب کے حسابات پر آڈٹ رپورٹ 2017-18 اور فنانشل اور ڈیجیٹل مداخل کے ذریعے کسان کی خود مختاری حسابات کارکردگی رپورٹ 2016-18سمیت 9رپورٹس ایوان میں پیش کی گئیں۔ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر نے اجلاس 10 نومبر 2022 بروز جمعرات 2:00بجے تک ملتوی کر دیا۔