پاکستان اور ترکیہ کے 75 برس مکمل، براہ راست پروازیں شروع

لاہور (لاہورنامہ) پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے پر براہ راست پروازیں شروع ہو گئیں ۔

لاہور ائر پورٹ پر افتتاحی پرواز کے موقع پر ایک سادہ اور پروقار تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق تھے۔اس موقع پر کیک کاٹا گیا جبکہ مسافروں میں پھول،تحائف اور ترکش مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان اور ترکی گہرے تاریخی اور مشترکہ ثقافتی رشتے سے منسلک ہیں ،پی آئی اے کا استنبول آپریشن پاکستان اور ترکی کے سفارتی تعکاقات قائم ہونے کی 75ویں سالگرہ کے طور پر کیا گیا ہے ،پی آئی اے اپنے سروس کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی پروازوں کی شروعات دونوں اسلامی ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات کی تجدید نو ہے، پاکستان اور ترکیہ میں مضبوط اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔لاہور سے دو اور اسلام آباد سے ہفتہ وار چار پروازیں شروع کی جارہی ہیں،پی آئی اے کی ترکیہ کے لئے پروازوں سے مسافروں کو یورپ، برطانیہ اور امریکہ کے 28شہروں تک سفر کی آسان رسائی ممکن ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے استنبول سے ترکش ائر لائن کی منسلک پروازوں سے امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے مختلف شہروں تک سفری سہولیات فراہم کرنے والی پہلی پاکستانی فضائی کمپنی ہے۔