اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیر اعظم شہباز شریف نے آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں پودا لگا کر رواں موسم بہار کی شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ نسلوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچانے کے لئے شجر کاری کو قومی نصب العین بنانے کی ضرورت ہے، رواں موسم بہار میں ملک گیر شجرکاری مہم چلائی جائے گی جس میں 24 کروڑ سے زائد درخت لگائے جائیں گے۔
زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بڑھ چڑھ کر اس مہم میں حصہ لیں، علماءو مشائخ بھی مدرسوں میں درختوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے اقدامات کریں، نبی کریمؐ کی زندگی اور احادیث سے ہمیں درختوں کی اہمیت کے بارے میں بے شمار مثالیں ملتی ہیں، جنگ کی صورت میں بھی پھل دار درختوں کو کاٹنا منع کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں شہری آبادیاں کنکریٹ کا جنگل بنتی جا رہی ہیں، ہمیں شہروں میں بھی درختوں اور گرین ایریاز کی تعداد میں اضافہ کرنا ہو گا اور برائون ایریاز کو جتنا کم کر سکیں اتنا ماحول کے لئے بہت اچھا ہو گا۔ اس کے لئے قوم سے اپیل کروں گا کہ وہ اس شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور آئیں ہم سب مل کر اپنی آئندہ نسلوں کو مستقبل سنواریں اور پاکستان کے عوام کی خدمت کے لئے اپنے آپ کو ہم مکمل اور اجتماعی طور پروقف کریں۔