لاہور (لاہورنامہ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں امن وامان کی صورتحال پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں جناح ہاؤس اور دیگر عسکری و سول تنصیبات میں توڑ پھوڑ اورجلاؤ گھیراؤ کے افسوسناک واقعات کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جے آئی ٹی واقعات کی تحقیقات کر کے جامع رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تمام شرپسندوں کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ توڑ پھوڑ والے تمام مقامات کی جیو فینسنگ کرائی جائے گی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ شرپسندوں کے خلاف تمام کیس انسدادہشت گردی کی عدالت میں چلائے جائیں گے، محکمہ پبلک پراسیکیوشن کو تمام کیسوں کا فوری ٹرائل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی گناہ گار کو چھوڑیں گے نہیں اوربے گناہ کوپکڑیں گے نہیں، شواہد اورثبوتوں کے ساتھ ہر شرپسند کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، جناح ہاؤس، عسکری، سول و نجی املاک پر حملہ کرنے والے عناصر عبرتناک سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔
محسن نقوی کا مزید کہنا ہے کہ شرپسندوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے، انشاءاللہ 15مئی کو تعلیمی ادارے کھول دیئے جائیں گے، صورتحال میں بہتری آرہی ہے،عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے، متعلقہ ادارے امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے بہترین کوآرڈینیشن جاری رکھیں، شرپسند عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری فورس الرٹ ہے۔
اجلاس میں انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور شرپسندوں کے خلاف کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔