سرگودھا (لاہورنامہ)وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا ہے کہ فٹ بال ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے نوجوان نسل میں کھیلوں کے رجحانات میں اضافہ اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے شروع کیا گیا رجحان ساز پروگرام ہے.
جس سے ہزاروں کی تعداد میں نوجوان کھلاڑی مستفید ہو رہے ہیں۔ کھیل کے میدان آباد کیے بغیر ہم دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر نہیں کر سکتے، نوجوان نسل کا شدید گرمی کے باوجود فٹ بال ٹرائلز میں شرکت کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ نوجوان منفی سرگرمیوں کی بجائے کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہتے ہیں.
وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی آف سرگودھا میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت فٹ بال ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ ٹرائلز کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔یہ ٹرائلز یونیورسٹی آف سرگودھا، لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی لاہور اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام منعقد کیے جا رہے ہیں.
جس کی افتتاحی تقریب میں کمشنر سرگودھا محمد اجمل بھٹی، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی،پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الیاس طارق،ڈائریکٹر سپورٹس یونیورسٹی آف سرگودھا احمد خان ہرل،ڈائریکٹر سپورٹس لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی لاہور سمیرا ستار، سیاسی شخصیات جن میں عبدالرزاق ڈھلوں، ڈاکٹر لیاقت علی خان، رانا منور غوث، یاسر ظفرسندھو، طارق قاسمی،مشتاق گل و دیگر شامل ہیں .
انچارج شعبہ سپورٹس سائنسزیاسر اقبال وڑائچ،ریذیڈنٹ آفیسر فہیم ارشد، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ساجد اللہ بابر اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کا عزم ہے کہ طلبہ کو تعلیم کے علاوہ کھیل کے میدانوں میں بھی معیاری سہولیات اور مواقع فراہم کیے جائیں.
یونیورسٹی آف سرگودھا میں کھیلوں کی سہولیات بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائے جائیں گے، وائس چانسلر نے بتایا کہ سپورٹس گراؤنڈز میں فلڈ لائٹس کی تنصیب کا کام جلد شروع کیا جائے گا تاکہ طلبہ رات کو بھی سپورٹس کی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔
وائس چانسلر نے ریجن بھر سے آنے والے طلبا و طالبات کو خوش آمدید کہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ کمشنر سرگودھا محمداجمل بھٹی نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ مستقبل کے معماروں کی درست سمت میں تربیت کی جا رہی ہے اور انہیں صحت مند سرگرمیوں میں مشغول کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ صحت مند زندگی کیلئے کتاب کے ساتھ ساتھ کھیلوں کو بھی زندگی کا حصہ بنائیں۔ احمد خان ہرل نے کہا کہ مین فٹ بال ٹیلنٹ یوتھ سپورٹس لیگ کی میزبانی یونیورسٹی آف سرگودھا کو جبکہ خواتین فٹ بال لیگ کی میزبانی لاہور کالج فار وومن لاہور کے پاس ہے جس کے تحت دونوں جامعات کی جانب سے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے پنجاب بھر میں ٹرائلز کا سلسلہ جاری ہے.
جبکہ اب تک یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور، گورنمنٹ جناح اسلامیہ کالج سیالکوٹ، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، بہاؤالدین زکریہ یونیورسٹی ملتان اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آبادمیں فٹ بال ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا اور ٹرائلز میں ہزاروں کی تعداد میں نوجوان مر د وخواتین نے شرکت۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اگلے مرحلہ کے تحت ٹرائلز کا انعقاد یونیورسٹی آف سرگودھا میں منعقد کیے جا رہے ہیں جبکہ ان ٹرائلز کا سلسلہ راولپنڈی میں اختتام پزیر ہوگا۔ مہر احمد خان ہرل نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی معان خصوصی برائے امورِ نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ اور انچارج/ڈائریکٹر سپورٹس ایچ ای سی جاوید علی میمن کی میرٹ پر مبنی پالیسی اور نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے میں خصوصی دلچسپی کی بدولت شفاف ٹرائلز کا انعقاد ممکن ہوا جبکہ سلیکشن کے فرائض عالمی شہرت یافتہ ریفریز نے سر انجام دیے۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر اور کمشنر سرگودھا نے ٹرائلز کے لیے آئے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، ان کے ساتھ گھل مل گئے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔