کراچی :ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر14کروڑ4لاکھ ڈالر کے اضافے سے 14ارب95کروڑ62لاکھ ڈالرہوگئے ہیں۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جمعرات کو جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق یکم مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملکی مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر میں14کروڑ4لاکھ ڈالرکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا،جس کے بعدمجموعی ذخائر کی مالیت14ارب 81کروڑ58لاکھ ڈالرسے بڑھ کر 14ارب95کروڑ62لاکھ ڈالرہوگئی ہے ۔اسی عرصے کے دوران مرکزی بینک کے ذخائر کی مالیت میں7کروڑ97لاکھ ڈالرکا اضافہ ریکارڈ کیاگیا،جس کے نتیجے میں مرکزی بینک کے ذخائر8ارب3کروڑ68لاکھ ڈالر سے بڑھ کر8ارب11کروڑ65لاکھ ڈالرجبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائرمیں6کروڑ7لاکھ ڈالر کا اضافہ دیکھاگیا،جس سے کمرشل بینکوں کے پاس موجود ذخائر6ارب 77کروڑ90لاکھ ڈالر سے بڑھ کر6ارب83کروڑ97لاکھ ڈالر ہوگئے ۔ ماہرین کے مطابق سعودی عرب سے ادھار تیل کے باعث بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ میں کمی آئی ہے جس کی وجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر میں گزشتہ ہفتے کے دوران اضافہ دیکھاگیا۔
