اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پوری دنیا میں مسلمانوں کی نمائندگی ہمیشہ احسن انداز سے کی ہے۔
سعودی عرب کے قومی دن پر سعودی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عوام کو قومی دن پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سعودی عرب کو ترقی اور خوشحالی کی نئی راہ پر گامزن کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقدس مقامات کی بدولت پوری مسلم امہ کا سعودی عرب سے دلی اور جذباتی لگائو ہے، سعودی عرب نے پوری دنیا میں مسلمانوں کی نمائندگی ہمیشہ احسن انداز سے کی ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ تمام حالات میں سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے.
سعودی عرب نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں کے موقف کی بھرپور حمایت کی ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے ضمن میں سعودی عرب کے کردار سے کشمیریوں کی گہری امیدیں وابستہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام اہم علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز پر سعودی عرب اور پاکستان یک جان دو قالب ہیں، پوری پاکستانی اور کشمیری قوم سعودی عرب کی خوشحالی اور ترقی کے لئے دعاگو ہیں۔