لاہور (لاہورنمہ)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلی محسن نقوی نے رات گئے اچانک نوازشریف انٹرچینج بیدیاں روڈ انڈر پاس پراجیکٹ کا دورہ کیا، انہوں نے انڈر پاس کی کھدائی کے کام پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔
محسن نقوی نے بیدیاں روڈ انڈرپاس کے تعمیراتی کاموں کی جلد تکمیل کیلئے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بارشوں سے ہونے والی تاخیر کا ازالہ اضافی مشینری اور ورکرز لگا کر کیا جائے۔بعدازاں وزیراعلی پنجاب نے علی الصبح اکبر چوک فلائی اوورز پراجیکٹ کا دورہ کیا، انہوں نے فلائی اوورز پلرز پر رکھنے کے عمل اور منصوبے کے ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔
محسن نقوی نے اکبر چوک فلائی اوورز منصوبے کا کام مزید تیز کرنے کے لئے ہدایات دیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اکبر چوک فلائی اوورز منصوبے کی تکمیل سے ہزاروں افراد کو آمدورفت میں بے پناہ آسانی ملے گی، اس منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
دونوں پراجیکٹس کے دوروں کے دوران صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ بھی وزیراعلی کے ہمراہ تھے۔