اسلام آباد: مسلم لیگ(ن) کے راہنما طلال چودھری نے کہا کہ کل تک عمران خان اور شیخ رشید ملک میں جلاؤ گھیراؤ کے بیان دے کر ورکرز کو اکساتے رہے لیکن مسلم لیگ(ن) کے ورکرز کو لاہور ریلوے سٹیشن پر پرامن احتجاج کرنے پر گرفتار کر لیا گیا ۔ حکومت ہم سے سخت خوفزدہ ہے ۔
ان خیالات کا اظہار طلال چودھری نے اتوار کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران کیا ۔ انہوں نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کل تک ہی عمران خان اور شیخ رشید کارکنوں کو اکسا رہے تھے کہ ملک کا جلاؤ گھیراؤ کرو لیکن آج اگر مسلم لیگ(ن) کے کارکنان لاہور ریلوے اسٹیشن پر بغیر کسی چیز کو توڑے پرامن احتجاج کریں تو ان کو گرفتار کر لیا جاتا ہے لیکن حقیقت میں حکومت کو پتہ ہے کہ وہ خوفزدہ ہے کیونکہ نواز شریف کی صحت میں غفلت برتنے پر حکومت کے خلاف تحریک بنتی جا رہی ہے جس کا آغاز اب لاہور سے ہو چکا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح شیخ رشید بلاول بھٹو کی ذات پر بات کرتے ہیں تو میرے خیال میں ابھی بھی پیپلزپارٹی میں غیرت مند لوگ موجود ہیں اور شیخ رشید جیسے آدمی پر پیپلزپارتی کے صرف راولپنڈی کے جیالے ہی کافی ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ساری بدتمیز الیون جمع کر رکھی ہے جن کو گفتگو کرنے کا انداز ہی نہیں ہے ۔