سام سنگ کا

سام سنگ کا 32 میگا پکسل سیلفی کیمرے سے لیس پہلا فون

سام سنگ نے اے سیریز کا ایک اور فون متعارف کرادیا ہے جس میں انفٹنی یو نوچ ڈسپلے اور اسکرین کے اندر فنگرپرنٹ سنسر دیا گیا ہے۔

گلیکسی اے 70 جنوبی کورین کمپنی کا نیا فون ہے جس کے بارے میں سام سنگ کا کہنا ہے کہ اس کی قیمت کا اعلان 10 اپریل کو ایک ایونٹ کے دوران کیا جائے گا۔

یہ رواں سال گلیکسی اے سیریز کا 5 واں فون ہے، اس سے قبل گلیکسی اے 10، گلیکسی اے 30، گلیکسی اے 40 اور گلیکسی اے 50 فروخت کے لیے پیش کیے جاچکے ہیں۔

گلیکسی اے 70 چار رنگوں میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جس میں اوکٹا کور پراسیسر، 6 سے 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی جائے گی جس میں ایس ڈی کارڈ سے 512 جی بی تک اضافہ کیا جاسکے گا۔

اس فون میں سام سنگ پاس فیچر بھی دیا جارہا ہے جس کی مدد سے صارفین ویب سائٹس اور ایپس میں فنگرپرنٹ کی مدد سے سائن ان ہوسکیں گے۔

اور ہاں یہ گلیکسی ایس 10 اور ایس 10 پلس کے بعد پہلا فون ہے جس میں فنگر پرنٹ سنسر اسکرین کے اندر نصب کیا جارہا ہے۔

اسی طرح یہ یہ سام سنگ کا پہلا فون ہے جس میں 32 میگاپکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔

سام سنگ کے اس فون میں 4500 ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری دی گئی ہے جس کے ساتھ سپر فاسٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہے۔

اس فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ دیا گیا ہے جس میں 32 میگا پکسل پرائمری سنسر، 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ لینس اور 5 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر شامل ہے۔

اس فون میں اینڈرائیڈ پائی آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے ون یو آئی پلیٹ فارم سے کیا ہے جس کی بدولت صارفین کو مختلف فیچرز جیسے ون ہینڈ نیوی گیشن، نائٹ موڈ اور ایپ ٹائمز تک رسائی مل سکے گی۔