پاکستان ٹیلی ویژن

پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کو جون 2019ء تک منافع بخش ادارہ بنایا جائے گا ، منیجنگ ڈائریکٹر ارشد خان

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کو جون 2019ء تک منافع بخش ادارہ بنایا جائے گا۔ پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد خان نے اعلان کیا ہے کہ ماضی کے کئی سالوں کے نقصانات کے بعد جون 2019ء کے اختتام تک پی ٹی وی ایک منافع بخش ادارہ بن جائے گا۔

اس کامیابی سے بنیادی طور پر پی ٹی وی کے ملازمین مستفید ہوں گے۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ کو اربوں روپے کے قرضے ورثے میں ملے اور ادارہ میں مسلسل خسارے کا رجحان تھا لیکن وہ پرعزم ہیں کہ ان کی ٹیم اس قابل ہے کہ وہ نہ صرف خسارے میں کمی بلکہ 2017-18ء کے مقابلے میں پی ٹی وی کی آمدنی میں دو گنا اضافے کے ہدف کو حاصل کرنے کے قابل ہے۔

ماضی اور بالخصوص پنشنرز کے قرضوں کے حوالے سے ارشد خان نے کہا کہ حکومت کے ساتھ اس حوالے سے کئی تجاویز پر مذاکرات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بنیادی توجہ وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کی روشنی میں اخراجات میں کمی اور ادارے کی آمدنی میں اضافے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پی ٹی وی کے ملازمین کی مدد سے اس کو کم سے کم ممکنہ وقت میں ایک منافع بخش ادارہ بنائے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعظم کے پی ٹی وی کے حوالے سے وژن کے مطابق جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پی ٹی وی قوم کے محافظ کے طور پر کام کرتا رہے گا جو نہ صرف ہماری ثقافتی اقدار بلکہ خاندانی تفریح، مصدقہ خبروں اور صحت مند معاشرے کے فروغ کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کا کردار ادا کرتا رہے گا۔ ارشد خان نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کی معاونت سے سیاحوں اور سرمایہ کاروں کو متوجہ کیا جائے گا، جلد ہی بین الاقوامی ناظرین کی تعداد میں اضافہ کے لئے پی ٹی وی کی نشریات جلد ہی تمام ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے انسانی وسائل، ٹیکنالوجی کی بہتری، بہتر آپریشنل نظام اور بہترین مواد پر سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔

ارشد خان نے کہا کہ کو بدانتظامی، اقرباء پروری، بدعنوانی اور بیرونی دباؤ سے بہت زیادہ نقصان ہوا ہے اور اب اس طرح کے عمل کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی ٹی وی ایک قومی اثاثہ ہے اور وہ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ کے طور پر خدمات سر انجام دے رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان پی ٹی وی کو بی بی سی کی طرح ایک موثر اور خود مختار دیکھنا چاہتے ہیں جو عوام کی خدمت کرنے والا ایک ادارہ ہو۔ جس سے اب بھی معاشرے کی بہت سی مثبت توقعات وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس ایجنڈے کی تکمیل کے لئے پرعزم ہیں۔