لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کوٹ عبدالمالک کے نزدیک شیخوپورہ روڈ پرسٹیٹ آف دی آرٹ میٹل کرافٹ آرٹیزنزویلج کا افتتاح کیا۔4ایکڑ رقبے پر18کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے اس ویلج میں 34ورکشاپس بنائی گئی ہیں جو شفاف قرعہ انداز کے ذریعے لیز کی بنیاد پر ہنر مندوں کو الاٹ کی گئی ہیں۔صوبائی وزیر کی موجودگی میں شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے یہ ورکشاپس ہنر مندوں کو الاٹ کی گئیں ۔
ویلج میں مختلف اقسام کی دستکاری کی نمائشوں کے لئے 12دری اور وسیع ایریا اور ہال بنایا گیا ہے۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن نے” میٹل کرافٹ آرٹیزنزویلج “بنا کر گھریلو صنعت کے فروغ کے لئے ایک زبردست اقدام اٹھایا ہے۔
اس منصوبے سے علاقائی ثقافت،دھاتی نقاشی ودستکاری کو فروغ ملے گا اور کاروباری روابط مستحکم ہوں گے۔اس ویلج کے قیام سے اپنے بچوں کے لئے رزق کمانے والے ہنرمندوں کو اپنا روزگار بڑھانے کا شاندار موقع فراہم کیا ہے۔یہ سہولت حکومت نے ہنرمندوں کو اپنے فن میں مزید نکھار لانے کے لئے دی ہے اور یہ پراجیکٹ حکومت کے کلسٹر ڈویلپمنٹ کے تصور کی ہی ایک کڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میٹل انڈسٹری کو بہتر بنانا ہے اور ان کے ہنر کو ضائع نہیں ہونے دینا بلکہ ان کے فن کو استعمال کرکے پاکستان کا دنیا میں نام روشن کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیسک کے بنائے گئے اس ویلج کا میں اچانک دورہ بھی کروں گا اور اگر کوئی ورکشاپ کام کرتے ہوئے نظر نہ آئی تو اسے کی الاٹ منٹ کینسل کر دی جائے گی۔