گھریلو سطح

آئندہ بجٹ میں گھریلو سطح پر چھوٹی انڈسٹری کو فروغ دینے کے منصوبے کا اعلان کیا جائے‘ چیئر پرسن سی ٹی آئی

لاہور( این این آئی) کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں گھریلو سطح پر چھوٹی انڈسٹری کوفروغ دینے کے منصوبے کا اعلا ن کر کے خاطر خواہ فنڈز مختص کرے ،ہنر مند افراد کو روزگار کی فراہمی کیلئے حکومت اپنی گارنٹی پر بینکوں سے بلا سود قرضوں کا اجراءکرائے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معیشت کی ترقی کےلئے کامیا ب ممالک کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے اور اس کےلئے سٹڈی کرائی جائے ۔ حکومت گھریلو سطح پر چھوٹی انڈسٹری کے فروغ کے لئے منصوبہ لائے اور آئندہ بجٹ میں اس کے لئے خاطر خواہ فنڈز مختص کئے جائیں ۔
اس سے خواتین کو بھی گھر کی دہلیز پر روزگار کے مواقع میسر آئیں گے جس سے ہماری شرح نمو میں اضافہ ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکتی ہے جسے درست سمت دینے کی ضرورت ہے ۔ حکومت ہنر مند افراد کو روزگار کی فراہمی کےلئے اپنی گارنٹی پر بینکوں سے بلا سود قرضوں کا اجراءکرائے جس سے کئی شعبے ترقی کرےں گے ۔

پرویز حنیف نے کہا کہ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں سیکھنے والوں کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دینے کےلئے منصوبہ زیر غور ہے جس پر جلد پیشرفت کی جائے گی۔