لاہور(صباح نیوز) لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا ، مکانات کی چھتیں گرنے سے 4 بچے جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، طوفانی بارش سے سڑکیں، گلیاں اور نشیبی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ کئی شہروں میں گندم کی فصل تباہ ہوگئی ،پروازیں متاثر ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا،لاہور میں بارش کے باعث 150 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے۔ متعدد فیڈرز ٹرپ کرنے سے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔سب سے زیادہ بارش اپر مال میں 26 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ جیل روڈ پر بارش 12.4 ملی میٹر، ایئرپورٹ پر 14 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گلبرگ میں 23، لکشمی 13.5، مغلپورہ میں 18.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ، اوکاڑہ کے علاقے حویلی لکھاں کے محلہ اسلام نگر میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس سے 3بچیاں جاں بحق اور 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
گوجرانوالہ میں بھی مکان کی چھت گرنے سے 2خواتین اور 2بچے زخمی ہوئے۔ ضلع باجوڑ کی تحصیل خار میں بھی مکان کی چھت گر گئی جس سے ایک بچہ جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، بارش کے باعث لاہور میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سڑکوں اور انڈر پاسز پر پانی کھڑا ہوگیا۔ علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن بھی متاثر رہا، بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری رہی۔پنجاب کے مختلف علاقوں میں رات بھر بادل برستے رہے.