لاہور ( این این آئی)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت نے 9 ماہ میں معیشت اور ادارے تباہ کر دیئے ہیں،حکومت کی ناقص معاشی پالیسی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا۔
انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر ملک میں مہنگائی کا نیا سونامی آنے والا ہے، وزیرخزانہ اسد عمر قوم کو بتائیں کہ آئی ایم ایف کی کیا شرائط مان کر آئے ہیں، آئی ایم ایف کی پیشگی شرائط پر، ڈالر، گیس، بجلی اور پیٹرول مہنگا کیا گیا، معاہدے پر عملدرآمد کیلئے گیس اور بجلی کی قیمتیں مزید مہنگی کی جائیں گی، اسد عمر فرماتے ہیں کہ اشیا کی قیمتیں بڑھیں گی مگر عوام پر اثر نہیں ہوگا ، وزیر خزانہ بتائیں کہ ان کے پاس کون سی گیدڑ سنگھی ہے جس سے مہنگائی کا عوام پر اثر نہیں ہوگا۔
ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پولیس میں بدترین سیاسی مداخلت کی وجہ سے پنجاب کا امن و امان بگڑتا جا رہا ہے، 9 ماہ میں تین آئی جی بدل کر عمران خان پولیس میں مداخلت کی نئی تاریخ رقم کردی، عمران خان نے اپنے بائیس سالہ سیاسی بیانئے کے خود ہی بکھیے ادھیڑ دئے ہیں۔