پشاور میں

پشاور میں معصوم کم سن بچوں کی صحت سے کھیلنے کا اندوہناک واقعہ قابل مذمت اور افسوسناک ہے،مریم اورنگزیب

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن )کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پشاور کے علاقے ماشوخیل میں پولیو قطرے پینے سے 50 بچوں کی حالت بگڑنے کے واقعے پر اظہار مذمت کیا ہے۔

پیر کو ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پشاور کے علاقے ماشوخیل میں پولیو قطرے پینے سے 50 بچوں کی حالت بگڑنے کے واقعے پر اظہار مذمت کر تے ہوئے کہا کہ معصوم کم سن بچوں کی صحت سے کھیلنے کا اندوہناک واقعہ قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ”مار دو،جلا دو، گرا دو، گھسیٹ لو “کا جو بیج بویا تھا آج خیبر پختونخواہ میں انکی اپنی حکومت یہ فصل کاٹ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب یہ مکافات عمل ہے، بغض، انا اور تکبر سے حکومت نہیں چلتی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ صحت کی جگہ موت بانٹ رہے ہیں، خیبرپختونخوا کے بعد اسلام آباد کے ہسپتال میں بھی دل کے آپریشن بند ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوائیاں مہنگی ، ہسپتالوں میں مفت ٹیسٹ بند ہونے کے بعد بچوں کو ناقص دوائیاں مجرمانہ نااہلی کی انتہا ہے ۔ترجمان مسلم لیگ (ن ) نے کہا کہ ہم آپ کی طرح عوام کو بدامنی پر نہیں اکساتے لیکن آپ کی بے حسی ، نالائقی اور نااہلی پر معاف نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ معصوم کمسن بچوں کی پولیو قطروں سے طبیعت بگڑنے کے معاملے کی ہائیکورٹ کے جج کی سربراہی میں تحقیقات کرائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ بچوں کے والدین کے دکھ اور پریشانی میں شریک ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ذمہ دار عناصر کو سزا دلوا کر رہیں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب جنہیں آپ چور اور ڈاکو کہتے نہیں تھکتے، اس نواز شریف اور شہباز شریف کے دور میں بہترین پولیو پالیسی کے ذریعے بچوں کی جانیں بچائی گئیں اور ملک سے پولیو کا خاتمہ کیا گیا۔انہو ں نے کہا کہ چور چور اور ڈاکو ڈاکو کی گردان چھوڑ کر غریب عوام پر توجہ دیں جو مہنگائی اور صحت کی بدترین صورتحال کی وجہ سے موت کے منہ میں جا رہے ہیں۔