تحقیقات کو

میاں منشا کےخلاف نیب کی تحقیقات کو رکوانے کا معاملہ دوسرے بینچ کو منتقل کرنے کےلئے کیس چیف جسٹس کو بھجوادیا

اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ کے جسٹس عظمت سعید شیخ نے میاں منشا کےخلاف کی گئی نیب کی تحقیقات کو رکوانے کا معاملہ دوسرے بینچ کو منتقل کرنے کےلئے کیس چیف جسٹس کو بھجوادیا۔

منگل کو سماعت کے دور ان جسٹس عظمت سعید شیخ نے استفسار کیا کہ یہ معاملہ ہے کیا آپ ہمیں بتائیں ، الزام کیا ہے میاں منشا پر ؟ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب نے بتایاکہ یہ ایم سی بی کی نجکاری کا معاملہ ہے ۔

ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب نے کہا کہ اس نجکاری میں میاں منشا کو بہت سی فیورز دی گئی ہیں۔جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ مجھے اس مقدمے سے متعلق سب علم ہے ۔جسٹس عظمت سعید شیخ نے معاملہ دوسرے بینچ کو منتقل کرنے کے لئے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوادیا ۔

جسٹس عظمت سعید نے کہاکہ کوئی دوسرا بینچ اس معا ملے پر سماعت کرے ۔یا د رہے کہ سپریم کورٹ کے کہنے پر نیب نے میاں منشا کے خلاف انکوائری شروع کی تھی ۔میاں منشا نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر کے اس انکوائری کو معطل کرادیا۔انکوائری کی معطلی کے عبوری حکم نامے کے خلاف نیب نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔نیب نے سپریم کورٹ میں موقف اختیار کیا کہ سیکشن 28 کے تحت کرمنل انکوائری کو معطل نہیں کیا جا سکتا۔