لاہور(این این آئی)ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل نہ ہونے والے بلے باز کامران اکمل نے کہا ہے کہ سلیکٹرز اور کوچز سے جواب مانگیں کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیوں نہیں کیا گیا۔
گزشتہ روز تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہاکہ فواد عالم، وہاب ریاض اور محمد عرفان مسلسل ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کر رہے ہیں مگر سلیکٹرز کو نظر نہیں آرہا، سلیکٹرز کو چاہیے کہ کسی کھلاڑی کو ایک دم سے باہر نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی کو سلیکٹرز اور کوچز سے جواب مانگنا چاہیے کہ کھلاڑی باہر کیوں ہیں، مجھے ایسا لگتا ہے کہ میں پاکستان میں نہیں بیرون ملک پرفارم کرتا ہوں۔عمر اکمل کی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ عمر اکمل اور عدنان اکمل کے ساتھ بہت ناانصافی ہوئی ہے، ان کی کرکٹ ابھی ختم نہیں ہوئی۔پاکستان ٹیم کی ورلڈکپ میں کارکردگی سے متعلق کامران اکمل نے کہا کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم ٹاپ تھری میں پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔