اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ ڈاکٹر باقر رضا کو مقرر کر کے حکومت نے معیشت پر براہ راست آئی ایم ایف کو بٹھا دیا ہے۔
ترجمان چیئرمین پیپلز پارٹی سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے ایک بیان میں کہاکہ گورنر سٹیٹ بنک کے تقرر کے معاملے میں حکومت نے غیرذمہ دارانہ فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ڈاکٹر باقر رضا کو مقرر کر کے حکومت نے معیشت پر براہ راست آئی ایم ایف کو بٹھا دیا ہے۔انہوںنے کہاکہ قرضے سے خودکشی کو ترجیح دینے کی بات کرنے والوں نے ملک آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا۔
انہوں نے کہاکہ کیا پاکستان میں معاشی ماہر کم تھے کہ سٹیٹ بنک کا گورنر بھی آئی ایم ایف سے لیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اب قرضے کیلئے آئی ایم ایف سے حکومت پاکستان کی طرف سے بھی آئی ایم ایف ہی مذاکرات کرےگا۔ ترجمان بلاول بھٹو زرداری کے مطابق عمران خان حکومت معاشی میدان میں 8 میں ہی ناکام ہو چکی ہے۔
ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے بتایاکہ حکومت کی معاشی ٹیم نہیں، عمران خان خود ناکام ہو چکے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ وزیر خزانہ کے بعد گورنر سٹیٹ بنک اور چیئرمین ایف بی آر کو بدلنا پالیسی کی ناکامی کا اعتراف ہے۔
انہوںنے کہاکہ عمران خان نے اپنی ناکامی کے بعد معیشت آئی ایم ایف کے حوالے کر دی۔انہوںنے کہاکہ مسئلہ معاشی ٹیم نہیں عمران خان کی غیر حقیقی پالیسیاں ہیں۔انہوںنے کہاکہ عمران خان کے ہوتے ہوئے معیشت ٹھیک نہیں ہو سکتی۔