کراچی(این این آئی)حال ہی میں منظر عام پر آنے والی سابق اسٹار آل راﺅنڈرشاہد آفریدی کی کتاب گیم چینجرنت نئے تنازعات کا باعث بن رہی ہے ۔
سندھ ہائی کورٹ میں شاہدآفریدی کی کتاب گیم چینجرپرپابندی لگانے سے متعلق درخواست دائر کردی گئی ہے۔شاہد آفریدی کی کتاب گیم چینجرپر پابندی کی درخواست عبدالجلیل خان مروت ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔درخواست میں شاہد آفریدی ، وجاہت سعید خان ، جاوید میاں داد، گوتم گھمبیر، پی سی بی ، آئی سی سی اور نادرا کو فریق بنایا گیاہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ شاہد آفریدی نے اپنی کتاب میں لیجنڈ بیٹسمین جاوید میانداد کیلئے Small Man یعنی چھوٹا آدمی کا لفظ استعمال کیاہے۔
اسی طرح انہوں نے وقار یونس جیسے عظیم باولر کو Mediocre captian and Terrible Coach یعنی سطحی اورخوفناک کوچ قرار دیاہے۔درخواست گزار کا موقف ہے کہ شاہد آفریدی نے بھارتی بلے باز گوتم گھمبیر کیلئے Saryal means Burnt Up یعنی سڑیل جیسے نا مناسب، غلط اور بدنامی والے الفا ظ کا استعمال کرکے کرکٹ کے اداروں،کھیل اور فین یعنی چاہنے والوں کو تکلیف پہنچائی ہے ۔
درخواست گزار نے کہا کہ شا ہد آفریدی نے اپنی کتاب میں اپنی عمر 1975 ظاہر کی ہے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل اور دیگر اداروں نے 1996 میں شاہد آفریدی کو 16 سال کا تیز ترین سینچری بنانے والا ریکارڈ ہولڈر ظاہر کیا تھا۔درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ شاہد آفریدی عدالت میں آکر ثبوت دیں کیونکہ 1975 کے حساب سے تو آفریدی کی عمر 20 یا 21 سال بنتی ہے نہ کہ 16 سال۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ شاہد آفریدی اور وجاہت سعید خان کو کتاب کو ملک میں تقسیم کرنے سے روکا جائے ۔