ہیلتھ کارڈ

جنرل ہسپتال کے شعبہ نیورو ریڈیالوجی میں ہیلتھ کارڈ کیلئے قائم کاؤنٹرز کی افتتاحی تقریب

لاہور (لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات پر عوام کو دی جانے والی صحت انصاف کارڈ کی سہولت کسی نعمت سے کم نہیں،

یہ سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور انشاء اللہ اس سال دسمبر تک پنجاب بھر کے ہر خاندان کے پاس ہیلتھ کارڈموجود ہونگے جن کے ذریعے انہیں علاج معالجے کی مفت،فوری اور معیاری سہولیات حاصل ہو سکیں گی۔

انہوں نے یہاں لاہور جنرل ہسپتال کے نیورو ریڈیالوجی میں صحت سہولت کارڈ کے لئے قائم کاؤنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزکے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم،پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر،ڈاکٹر عمیر رشید چوہدری،ڈاکٹر نور، ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق سمیت سینئر پروفیسرز و ڈاکٹرز کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ صوبے میں نئے ہسپتالوں کی تعمیر سے ٹیچنگ ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوگا اور شہریوں کو صحت کی معیاری اور زیادہ سہولیات ملیں گی۔ پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے مالی سال 2021-22میں صحت کے شعبے کیلئے 370ارب روپے مختص کیے ہیں جس سے ہیلتھ سیکٹر میں واضح بہتری آئے گی۔

انہوں نے بتایا کہ صحت سہولت کے لئے قائم کاؤنٹر پر شہریوں کی بھرپور رہنمائی کی جائے گی اور اس سلسلے میں پی جی ایم آئی و جنرل ہسپتال کی طرف سے ہیلتھ کارڈ زکے بارے میں لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ اب بیرون ملک سے بھی ڈاکٹرز پاکستان آ رہے ہیں.

جبکہ ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ڈاکٹر عمیر رشید چوہدری نے کہا کہ دنیا بھر میں سب زیادہ تعداد میں لوگ برین ہیمرج کے باعث معذور ہو رہے ہیں جبکہ پہلا فرسٹ” ایکیوٹ سٹروک سینٹر”جدید سہولتوں سے آراستہ کیا گیا ہے جہاں اگر برین ہیمرج اور فالج کا مریض24گھنٹے میں پہنچ جائے تو اُس کی جان بچائی جا سکتی ہے۔

ڈاکٹر عمیر رشید چوہدری نے مزید کہا کہ یہ علاج انتہائی مہنگا اور نا یاب ہے جس کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے ہیلتھ کارڈ کی سہولت بہت بڑا اقدام ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔

سینیٹر اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہے جسے گزشتہ دور حکومت میں صوبہ کے پی کے میں متعارف کروایا گیا تھا اور اب اس کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کارڈ کے حامل شخص کو مکمل پروٹوکول ملے گا اور اس کے ذریعے مدینہ کی ریاست کے قیام کی طرف سے عملی پیش رفت ہو گی اور غریب آدمی کو مہنگے سے مہنگے علاج کیلئے اپنا گھر یا اشیاء بیچنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

انہوں نے لاہور جنرل ہسپتال میں اس کاؤنٹر کے قیام پر پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر اور ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر عمیر رشید چوہدری کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔