حمزہ شہباز

نئے پاکستان کا خواب چکنا چور ہوگیا، شفاف انتخابات کرانے کا مطالبہ ، حمزہ شہباز

ملتان(لاہورنامہ) قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کرانے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ بد ترین انتقام کے باوجود کسی ادارے سے لڑائی نہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر ملک کی سمت کا تعین کرنا چاہیے،

نئے پاکستان کا خواب چکنا چور ہوگیا، پنڈروا پیپرز کی غیر جانبدار تحقیقات ہونی چاہئیں۔منگل کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بنے 73سال ہو گئے، لوگ آج تک یہی بات کرتے ہیں کہ ہمیں کارکردگی چاہیے،

ملتان لاہور موٹروے کا سفر کیا،اس سے لاہور اور جنوبی پنجاب کے فاصلے سمٹ گئے،24ارب روپے سے خانیوال لودھراں سڑک بنائی،کڈنی ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ اور کارڈیالوجی سینٹر بنایا،لوگ مجھے دیکھ کر مجھ سے محبت نہیں کرتے، لوگ کارکردگی دیکھتے ہیں،سیلاب سے کسانوں کا سب کچھ ختم ہو گیا،

شہباز شریف یہاں سے نہیں گئے، کسانوں کو فصلوں تک کا معاوضہ دیا گیا،نواز شریف کی قیادت میں قوم سے وعدہ کیا 22,22گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے نجات دلائیں گے، ہم نے وعدہ پورا کیا،موجودہ حکومت کی نااہلی ہے کبھی ایل این جی اسکینڈل آتا ہے کبھی بجلی مہنگی کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے میثاق معیشت کی بات کی،حکومت نے مذاق اڑایا،چوتھا سال ہے کہاں گئے دو ارب ڈالر جو باہر سے آنے تھے،پچاس لاکھ گھر کہاں ہیں،

لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے،ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والوں کو احساس ہونا چاہیے، عوام باشعور ہے،چند لاکھ سے بنی گالا کی تجاوزات جائز اور غریب کا ٹھیلا ناجائز تجاوزات کہہ کر گرا دیا جاتا ہے،کیا ریاست مدینہ کا یہی سبق ہے،کرپشن منی لانڈرنگ کے الزام پر دو سال مجھے جیل میں رکھا، نون لیگ کی قیادت کو گرفتار کیا گیا،ہائیکورٹ کا فیصلہ آیا، منی لانڈرنگ کا کوئی ثبوت نہیں، یہ حکومت صرف الزام لگاتی ہے،

برطانیہ کی ایجنسی نے بھی کہہ دیا کہ شہباز شریف کے خلاف کوئی کرپشن کے ثبوت نہیں ہیں،چور چور ڈاکو ڈاکو کا حکومتی نعرہ دفن ہو گیا،عمران خان صاحب ہم نے بدترین انتقام بھگت لیا،مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، یہ کونسا نیا پاکستان ہے، عوام جھولی اٹھا کر کہہ رہے ہیں نیا پاکستان تو نہیں بناہمیں پرانا پاکستان لوٹا دو، جہاں ہم اپنے بچوں کا پیٹ پال سکیں، ادویات 500فیصد مہنگی ہو گئی ہیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ مسلم لیگ نون کے دور کی بنائی سڑکوں پر سفر کر کے خوشی ہوئی، عمران خان کہتے ہیں ہماری سڑکیں نون لیگ سے کئی کروڑ سستی ہیں،خدا کا خوف کریں،کوئی اینٹ بھی لگائی ہے تو دکھا دیں،کونسی سڑکیں بنائیں عوام کو دکھائیں،100دن میں صوبہ جنوبی پنجاب کا نعرہ کہاں گیا،لوگ راہ تک رہے ہیں،صوبہ صرف سیکرٹریٹ بنانے سے نہیں بنتا آئینی ترامیم کرنی پڑتی ہیں،مسلم لیگ نون نے صوبہ جنوبی پنجاب کیلئے بل پیش کیاجسے پاس نہیں ہونے دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں کہاں ہیں، 85لاکھ لوگ بے روزگار ہو گئے،سفید پوشی کا بھرم ختم ہو گیا،خدا کا خوف کھائیں،سیاسی جماعتیں مل کر بیٹھیں، حکومت حکومت کا کھیل ختم کریں،مفاہمت کا مطلب دو سال جیل کاٹنا نہیں،ملک میں شفاف الیکشن ہونے چاہئیں، اس کے نتیجے میں جو جماعت جیتے گی اس کی حکومت کو خوشی سے قبول کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون نے دیامربھاشا ڈیم کیلئے اربوں روپے کی زمین خریدی یہ منصوبہ بھی تعطل کا شکار ہے،

چین کو بھی سی پیک پر تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے قربانیاں دے کر ملک میں امن قائم کیا،ہماری کسی ادارے سے لڑائی نہیں، ہماری لڑائی ملک دشمنوں کے خلاف ہے، ساری جماعتیں سر جوڑ کر بیٹھیں اور ملک کی سمت متعین کریں، پاکستان کو آج ایک ایک پائی کیلئے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑ رہا ہے، حکومت نے تین سالوں میں 36ارب ڈالر کا قرض لیا، عمران خان صاحب آپ کی کابینہ کے لوگوں کا نام پنڈورا باکس میں آیا ہے، دوہرا معیار درست نہیں، قانون سب کیلئے ایک ہے، عوام سب دیکھ رہی ہے۔