لاہور(لاہورنامہ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں نیاپاکستان صحت کارڈ کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا،جس میں سیکرٹری صحت ڈاکٹراحمدجاویدقاضی،ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹرآصف طفیل،سی ای اوپنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹرعلی رزاق،پروفیسرجاویدچوہدری،ماجدرفیق ودیگرافسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران پنجاب کی عوام کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس کی سہولت کی فراہمی کے اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب میں نیاپاکستان صحت کارڈ کی لانچنگ تقریب کیلئے کمیونی کیشن کی مربوط حکمت عملی بنالی گئی ہے۔انشاء اللہ نیاپاکستان صحت کارڈ گیم چینجرثابت ہوگا۔نیاپاکستان صحت کارڈ صحت کے شعبہ میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اور انقلابی منصوبہ ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب کی عوام کیلئے یونیورسل ہیلتھ انشورنس بہترین تحفہ ہوگا۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ پنجاب کے تمام خاندانوں میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کے حوالہ سے اقدات حتمی مراحل میں ہیں۔وزیراعظم عمران خان سب سے پہلے لاہوراور راولپنڈی کے تمام خاندانوں کونیاپاکستان صحت کارڈ تقسیم کریں گے۔وزیراعظم عمران خان پنجاب کی تمام عوام کویکم جنوری سے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کی سہولت کاآغاز کریں گے۔
صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ پنجاب کی عوام کو یونیو رسل ہیلتھ انشورنس کی فراہمی کیلئے زیادہ سے زیادہ ہسپتالوں کو ا م پینل کیاجارہاہے۔ڈی جی خان اور ساہیوال کی ڈویژنزکے تمام خاندان یونیورسل ہیلتھ انشورنس کی سہولت سے استفادہ کررہے ہیں۔حکومت پاکستان اس منصوبہ پر330ارب روپے خرچ کررہی ہے۔صوبائی سیکرٹری صحت ڈاکٹراحمدجاویدقاضی نے کہاکہ نیاپاکستان صحت کارڈ کیلئے ہسپتالوں کو ام پینل کرنے کے حوالے سے اقدامات کاجائزہ لیاجارہاہے۔