چوہدری سرور

پنجاب آب پاک اتھارٹی کے پہلے مرحلے کے 1500منصوبے مکمل، چوہدری سرور

لاہور( لاہورنامہ)گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے پہلے مرحلے کے 1500منصوبے اسی ماہ میں مکمل ہوجائیں گے.

صحت انصاف کارڈ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کا تاریخی منصوبہ ہے،پاکستان میں اداروں میں میرٹ اوران کی مضبوطی کے لیے پہلی حکومت کام رہی ہے ،موجودہ حکومت آئین وقانو ن کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے جس کے لیے تمام اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا ۔

وہ سوموار کے روز الخیر فائونڈیشن کے سر براہ امام قاسم،رویت ہلال کمیٹی کے سر براہ مولانا عبد الخبیر آزاد اور تحر یک انصاف کے اراکین کے ہمراہ گوجر خان میں خواتین کے کالج اور سکول میں پاک ایڈکے تعاون سے فلٹر یشن پلانٹس اور فری میڈ یکل کیمپ کے افتتاح کے موقعہ پرخطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نا میرا زندگی کا مشن ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ الحمد للہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں پندرہ سو سے زائد منصوبے مکمل ہونے کے آخر ی مراحل میں ہیں ہم ان منصوبوں کے ذریعے پنجاب کے 8ملین سے زائد افراد کو پینے کا صاف پانی فراہم کر یں گے .

جبکہ مختلف فلاحی تنظیموں کے اشتراک سے بھی پنجاب آب پاک اتھارٹی عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے پر کام کر رہی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ این جی اوز کے تعاون سے بھی پنجاب آب پاک اتھارٹی مزید سات ملین سے زائد افراد کو پینے کا صاف پانی فراہم کر ے گی۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں میں کسی قسم کی سیاسی تفر یق نہیں کر رہی ہے بلکہ جہاں سے اپوزیشن جماعتوں کے لوگ جیتے ہیں .

وہاں بھی پنجاب آب پاک اتھارٹی کے منصوبے شروع ہوچکے ہیں اور ان منصوبوں میں شفافیت اور میرٹ کو سو فیصد یقینی بنایا جارہا ہے کسی کو ان منصوبوں میں ایک روپے کی بھی کر پشن کر نے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کے ایک ایک پیسے کا مکمل تحفظ کیا جائیگا ۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کہ فراہمی حکومت کی اولین تر جیح ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ ،کامیاب جوان پروگرام، احساس پروگرام اورکسان کارڈ سمیت دیگر حکومتی منصوبوں کا مقصدبھی عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں اورریلیف کی فراہمی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ انشاء اللہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہم ملک وقوم کو مضبوط اور خوشحال بنانے کی پالیسی پر گامزن ہیں اور اسکے لیے مکمل نیک نیتی کیساتھ کام کیا جارہا ہے ۔گور نر پنجا ب چوہدری محمدسرور نے الخیر فائونڈیشن کے سر براہ امام قاسم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں انسانیت کی خدمت کر نیوالوں کے نام ہی ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ نیک کاموں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ ملک ہم سب کا ہے ہم سب نے ملکر اپنے ملک کو مسائل سے نجات دلا کر مضبوط بنانا ہے ۔