ٓلاہور ( این این آئی)معروف اداکارہ مشی خان نے کہا ہے کہ میں نے اپنا فنی کریئر آج سے تقریباً 26سال قبل شروع کیا اور میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے فاطمہ ثریا بجیہ جیسی معروف رائٹر کی ڈرامہ سیریل ”عروسہ “ میں کام کرنے کا موقع ملا اور میری پہلی ڈرامہ سیریل ہی ہٹ ہو گئی ،بعد ازاں نامور رائٹر نور الہدا شاہ کی ڈرامہ سیریل ”عجائب خانہ “ نے میری شہرت میں مزید اضافہ کر دیا ۔
انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ میں نے ہدایتکار رونق علی رونقی کی فلم میں بھی اداکاری کی جس میں میرے ہمراہ معمر رانا ، صائمہ نور ،دیبا بیگم اور شان شامل تھے ۔
مجھے سید نور نے بھی اپنی فلم ”بلی “میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی مگر بعض وجوہات کی بناءپر میں نے انکی فلم میں کام کرنے سے معذرت کر لی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کوکنگ کرنے میں مہارت حاصل ہے ،ایک ٹی وی پر کوکنگ کا شو کر کر کے میں خود ایک بہترین شیف بن چکی ہوں ۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں ڈائٹنگ کرنے سے گریز کرتی ہوں کیونکہ میرے نزدیک ڈائٹنگ سے کچھ بہتر ہونے کی بجائے سب کچھ خراب ہو جاتا ہے یہاں تک کہ انسان کا دماغ بھی خراب ہو جاتا ہے اسی لیے جو دل کرتا ہے وہ خود ہی بنا کر کھا لیتی ہوں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اس وقت زبردست حیرت ہوتی ہے جب میری عمر کے ہم پلہ لوگ یہ کہتے ہیں کہ ہم بچپن میں آپکی ڈرامہ سیریل ”عروسہ “دیکھی تھی تب مجھے احساس ہوتا ہے کہ شاید میں قیام پاکستان سے پہلی ہی پیدا ہو چکی تھی ۔